افسانہ کی تعریف اور اقسام
افسانہ اردو ادب کی نثری صنف ہے۔ افسانہ داستان کی ترقی یافتہ صورت ہے۔ داستان جو مافوق الفطرت اور غیر عقلی واقعات کا پلندہ تھی، نسبتا حقیقی شکل میں ناول بنی اور پھر بیسویں صدی کے مشینی دور نے اسے مزید نکھار کر "افسانہ" بنا دیا۔ اگرچہ ناول اپنی جگہ ایک الگ صنفِ نثر کے طور پر بحال رہا۔
افسانہ زندگی کے کسی ایک واقعے یا پہلو کی وہ خلاقانہ اور فنی پیش کش ہے جو عموما کہانی کی شکل میں پیش کی جاتی ہے۔ ایسی تحریر میں اختصار اور ایجاز بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ وحدت تاثر Unity of Impression اس کی سب سے اہم خصوصیت ہے۔
مغربی ادبیات میں ایڈگر ایلن پو نے اولا افسانے کو الگ صنفِ نثر کی حیثیت دی۔ اس کے قواعد و ضوابط مرتب کیے۔ اختصار اور وحدت تاثر کے خصائص اس کے لیے شرط ٹھہرائے۔ بعد میں یورپین ادیبوں موپساں، ٹالسٹائی، میکسم گورکی اور لارنس نے اس صنف کو عظمت دی۔ اردو میں افسانے کا آغاز بیسویں صدی کی پہلی دہائی میں ہوا۔ سجاد حیدر یلدرم اور پریم چند اولین افسانہ نگار ہیں۔
Tags:
افسانہ