ابہام کے معنی اور تعریف

ابہام کے معنی اور تعریف

کسی فن پارے میں فنکار اور سامع و قاری کے درمیان تفہیمی و ذہنی سطح میں تفاوت سے ابہام پیدا ہوتا ہے۔ اس کی دو مآلی صورتیں ہیں اول یہ کہ جب کسی فن پارے کی تخلیق و ترسیل میں عدم مساوات پیدا ہوگی تو نتائج معانی کئی پیدا ہوں گے جس سے فن پارہ MULTI DIMENTIONAL (کثیر الابعاد ہو جائے گا۔ جس سے فہم کی ایک نئی اور نبستاََ خوبصورت شکل سامنے آنے کا امکان ہے۔
دوم یہ کہ متعدد بار ابہام حسن کی یکتائی پیدا کر دیتا ہے۔ صنعتِ ابہام کے بغیر کوئی بھی تخلیقی زبان اپنی شناخت کو برقرار نہیں رکھ سکتی اس لیے کہ ایک دشت اور واضح بیان علمی صداقت کو تو بیان کرے گا لیکن شعری اورتخلیقی اسلوب سے بے بہرہ ہوگا۔ ہر مکالمے کے لیے ایک متوازی سطح شعور کی ضرورت ہوتی ہے اس سطح کے بغیر کوئی کلام بلیغ نہیں ہو سکتا۔ ترسیلِ معانی کے لیے یہ ایک ناگزیرشرط ہے۔ شاعری اپنے تاریخی محل وقوع اور اپنے زمان و مکان میں نشوونما پاتی ہے۔ وہ ہر ایک کے پاس چل کر نہیں آتی تاہم اس کے لیے صرف یہ ضروری ہے کہ وہ اپنی آفاقی قدروں کی رو سے بلند مرتبہ اور اپنے مقام پر جائز ہو۔