اشتراکیت / سوشلزم کے معنی اور تعریف


اشتراکیت بمعنی ساجھا، شراکت دار۔  
اشتراکیت اردو میں انگریزی لفظ Socialism کے متبادل کے طور پر مستعمل ہے۔ جس کی اصل فرانسیسی لفظ Socialisme ہے۔ 

سماجی تنظیم کا ایک سیاسی اور اقتصادی نظریہ جس کا اصرار ہے کہ ذرائع پیداوار پر کسی خاص فرد کے بجائے پوری قوم کا اجارہ ہونا چاہیے نیز ذرائع پیدوار کی تقسیم اور تبادلے کے معاملات ایک منصوبے کے تحت عوام کے ماتحت ہونے چاہیے۔ 

سوشلزم کا چلن 1832ء میں فرانس میں ہوا اور پھر رفتہ رفتہ پورے یورپ اور امریکہ میں پھیلنے لگا۔ چند اشتراکیوں نے امریکہ میں اپنی آبادیاں بھی قائم کر لیں جو بعد ازاں ختم ہو گئیں۔ انیسویں صدی کے وسط اور اس کے بعد اشتراکیوں نے اصلاح و انقلاب کے زریعہ سماج کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی لانے کی کوشش شروع کی اور اپنی اس انقلابی اشتراکی تحریک کے لیے کارل مارکس اور فریڈرک اینگلز کی تعلیمات کو رہنما بنایا۔ 

اشتراکیت کا ادب و فن سے بھی گہرا تعلق ہے۔ دنیا بھر کی ترقی پسند ادبی تحریکوں کی بنائے کار بھی اسی نظریہ پر اُستوار ہے۔ اس نے دنیائے ادب کو ایک نیا اسلوب بھی عطا کیا جسے اشتراکی حقیقت نگاری کے نام سے جانا جاتا ہے۔