قلی قطب شاہ حیات کارنامے اور منتخب کلام

Quli Qutab Shah - Biography & Works

نام محمد قلی قطب شاہ۔ ولادت 1565، والیِ گولکنڈہ ہم عصر شہنشاہ اکبر۔ کلیات میں قلی قطب شاہ نے مختلف تخلص استعمال کیے ہیں، مگر زیادہ تر قطب، قطب شہ اور معانی استعمال کیے ہیں۔ ایک ضخیم دیوان ان کی یادگار ہے۔ قلی قطب شاہ اردو زبان کے پہلے صاحبِ دیوان شاعر ہیں۔ پہلے یہ سہرا عدم تحقیق کے باعث ولی دکنی کے سر تھا۔ قدیم زبان اور متروک الفاظ کی بنا پر اُن کا کلام عام قاری نہیں سمجھ سکتا۔ قلی قطب شاہ نے محبوب کے لیے تانیث کا صیغہ استعمال کیا۔ انہیں عمارتوں کی تعمیر کا بہت شوق تھا۔ مشہور ہے کہ قطب شاہ نے اپنی ایک محبوبہ بھاگ متی سے شادی کر لی اور اسے حیدر محل کا خطاب دیا۔ بھاگ متی نگر نامی شہر کا نام بدل کر اپنی محبوبہ کے خطاب کی مناسبت سے حیدر آباد رکھ دیا۔ کثرتِ شراب نوشی کی وجہ سے صرف چھیالیس سال کی عمر میں 1611ء میں قلی قطب شاہ کا انتقال ہو گیا۔ 

Quli Qutab Shah's Tomb

منتخب کلام:
پیا باج پیالہ پیا جائے نا
پیا باج یک پل جیا جائے نا

کہے تھے پیا بِن صبوری کروں
کہیا جائے اما، کیا جائے نا

قطب شہ نہ دے منج دِوانے کو پند
دِوانے کو کچھ پند دیا جائے نا

-

میں نہ جانوں کعبہ و بت خانہ و مے خانے کوں
دیکھتا ہوں ہر کہاں دستا ہے تج مُکھ کا صفا
-

تِج بن پیارے نیند ٹک نیناں میں منج آتی نہیں
رینی اندھاری ہے کٹھن، تج بن کٹی جاتی نہیں



نزاکت شعر کے فن میں خدا بخشا ہے تو تجکوں
معانیؔ شعر تیرا ہے کہ یا ہے شعرِ خاقانیؔ