فصاحت و بلاغت کے معنی اور تعریف

فصاحت و بلاغت کے معنی اور تعریف
بلاغت کے لغوی معنی ہیں بلند پروازی، عالی دماغی اور خوش بیانی۔ بلاغت کا تعلق مضامین و معانی سے اور فصاحت کا تعلق الفاظ سے ہوتا ہے۔ جس طرح معنی کو اس کے لفظ سے جدا نہیں کیا جا سکتا، اسی طرح بلاغت اور فصاحت کو بھی دو علیحدہ خانوں میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ فصاحت، بلاغت کا لازمی جزو اور بلاغت، فصاحت کی اگلی منزل ہے۔ فصاحت کے بغیر کوئی کلام بلیغ نہیں ہو سکتا۔ حسبِ موقع گفتگو کرنا اور علمِ بیان کی حدوں کو چھو لینا بلاغت کے زمرے میں آتا ہے۔ اساتذہ کے کلام سے چند مثالیں ملاحظہ فرمائیں:

کیا جانیے کم بخت نے کیا ہم پہ کیا سحر
جو بات نہ تھی ماننے کی مان گئے ہم

(جرآت)
زباں پہ بارِ خدایا! یہ کس کا نام آیا
کہ میرے نُطق نے بوسے مری زباں کے لیے

(غالب)

لاکھ دینے کا ایک دینا ہے
دلِ بے آرزو دیا تو نے

(داغ دھلوی)