دیدار پر اردو اشعار

دیدار پر اردو اشعار
1-
ظالم کبھی تو بام پر آ جا کہاں تلک
بہلائے جی کوئی در و دیوار دیکھ کر

2-
مانگے ہے پھر کسی کو لبِ بام پر ہوس
زلفِ سیاہ رُخ پہ پریشاں کیے ہوئے
(غالب)

3-
مری آنکھیں تری صورت کو ترسیں
گلہ ہے مجھ کو صورت آٖفریں سے
(جلال لکھنوی)

4-
ناقہ چلا ہے نجد کو لیلٰی کی ہے دعا
پردہ اٹھے تو قیس ہو محمل کے سامنے
(جلیل مانکپوری)

5-
دم شماری تلک بھی آشفتہ
قدموں کا شمار تھا دل میں
(آشفتہ)

حسرتِ دید لے گئی دونوں جگہ کشاں کشاں 
دن کو درِ رقیب پر رات کو کوئے یاد میں

6-
اس کے رخسار دیکھ جیتا ہوں
عارضی میری زندگانی ہے
(ناجی شاہجہان آبادی)

7-
شوقِ نظارہ ترا کھینچ کے لایا تھا اُسے
گرچہ تھی قیس کے پاؤں میں سلاسل بھاری
(مصحفی)

8-
ذرا ان سے یہ کہدو جو ادھر چلمن کے بیٹھے ہیں
گلی میں رہنے والے وادیِ ایمن کے بیٹھے ہیں
(ریاض خیر آبادی)

9-
وہ جان جو دوبارہ ملی فدا کروں
محشر میں تجھ کو میرے اگر روبرو کریں

10-
ہائے رے حسرتِ دیدار مری ہائے کو بھی
لکھتے ہیں ھائے دو چشمی سے کتابت والے
(ذوق)

11-
ٹھوکریں کھانے کو بیٹھا ہوں میانِ کوئے دوست
اتنی سی امید پر شاید کہ آئے بوئے دوست
(محشر لکھنوی)

12-
شربتِ دیدارا سے تسکین سی کچھ ہو گئی
دیکھ لینے سے دوا کے درد کیا جاتا رہا
(امیر مینائی)

13-
یہی کرتے میری جاں دل پہ جو قابو ہوتا
سامنے تم کو بٹھا کر تمہیں دیکھا کرنا
(میر خلیق)