بھوکا ہے بھوپال - کیف بھوپالی

بھوکا ہے بھوپال

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال
ہونک رہا ہے دونک رہا ہے فاقہ اور افلاس
فاقہ اورافلاس ہے گویا آندھی اور بھونچال
بھوکا ہے بھوپال

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال
اونچے عشاقوں کے دبکے دبکے قلب
اچھے اچھے محبوبوں کے پچکے پچکے گال
بھوکا ہے بھوپال

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال
لمبی لمبی مونچھوں والے بلی اور خرگوش
اکڑی اکڑی گردن والے مفلس اور کنگال
بھوکا ہے بھوپال

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال
ملا صاحب لے کر بھاگیں مسجد کی قندیل
پنڈت جی بازار میں بیچیں مندر کی گھنٹال
بھوکا ہے بھوپال

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال
ماتحتوں کے پاؤں دبائیں افسر اور حکام
مزدوروں کی ٹھڈی چومیں بنیے اور بقال
بھوکا ہے بھوپال

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال
توڑے دے گیہوں خریدیں شہر کے ٹھیکیدار
زیور دے کر روٹی مانگیں سیٹھ مدل گوپال
بھوکا ہے بھوپال

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال
سیٹھ بچارے چیخ رہے ہیں پھول رہیں ہیں پیٹ
سرمایہ توڑ رہا ہے ڈوب رہا ہے مال
بھوکا ہے بھوپال

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال
تو بھی میں بھی مست قلندر مستوں کو کیا فکر
تیرے گھر کا حال رے بابا! میرے گھر کا حال
بھوکا ہے بھوپال

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال
فاقے کی افراط ہے یارو روزی کا پیغام
اپنی قسمت چیت رہی ہے اور ہیں دو اک سال
بھوکا ہے بھوپال رے

بھوکا ہے بھوپال رے بابا
بھوکا ہے بھوپال

۔۔۔۔۔۔۔۔
کیف بھوپالی