کلیات احمد فراز

کلیات احمد فراز
احمد فرازؔ 14 جنوری 1931ء کو کوہاٹ کے ایک معزز سادات خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد سید محمد شاہ کا شمار کوہاٹ کے محترم پیرزادوں میں ہوتا تھا کیونکہ ان کا نسبی تعلق حضرت حاجی بہادرؒ سے تھا۔ احمد فرازؔ کا نام سید احمد شاہ تھا۔ احمد فرازؔ کے والد انہیں ریاضی اور سائنس کی تعلیم میں آگے بڑھانا چاہتے تھے مگر اُن کا میلان ادب کی طرف تھا، خاص طور پر شعر و ادب ان کا پسندیدہ موضوع تھا۔ انہوں نے پشاور کے مشہور ایڈورڈ کالج میں تعلیم مکمل کرتے ہوئے پہلے فارسی ایم اے اور اس کے بعد اردو ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ احمد فرازؔ زمانہ تعلیم سے ہی شعر کہنے لگے تھے۔ فرازؔ اس دور کے مشہور ترقی پسند شاعر فیض احمد فیضؔ اور علی سردار جعفری سے بے حد متاثر تھے، جن کا اثر ان کے ابتدائی کلام میں نظر آتا ہے۔ لیکن ان کے تخلیقی ذہن نے جلد ہی اپنا مخصوص رنگ و آہنگ تلاش کر لیا۔