نخل جاں از اسلم کولسری


اسلمؔ کولسری نے اپنے مجموعے کا نام "نخلِ جاں" رکھا ہے۔ اس نام کی معنویت میں کلام نہیں لیکن اس مجموعے کا سیدھا سادا نام "مسائل" ہو سکتا تھا۔ نخلِ جاں دراصل مسائل کا جنگل ہے۔ عزت کا مسئلہ، بے کاری اور بے روزگاری کا مسئلہ، حصولِ تعلیم کا مسئلہ، جنگ اور امن کا مسئلہ، شکستِ انا کا مسئلہ، دوستی کا مسئلہ، محبت کا مسئلہ، دم توڑتی ہوئی اخلاقی اقدار کا مسئلہ، مظاہرِ فطرت کی بے اعتنائی کا مسئلہ۔ انفرادی مسئلے، اجتماعی مسئلے، مسئلے ہی مسئلے اور خود اسلمؔ کو بھی پوری شدت سے اس امر کا احساس ہے کہ وہ مسائل زیست کا شاعر ہے۔ میری نظر میں کوئی ایسا قدیم یا جدید شاعر نہیں، جس نے لفظ مسئلہ کو اتنی شاعرانہ استعداد کے ساتھ استعمال کیا ہو۔