پریشاں اور کچھ دن تک رہیں گے - اجمل سراج

 پریشاں اور کچھ دن تک رہیں گے
یہ امکاں اور کچھ دن تک رہیں گے

یہ دنیا اور کچھ دن تک رہے گی
یہ مہماں اور کچھ دن تک رہیں گے

تماشا اور کچھ دن تک رہے گا
سو حیراں اور کچھ دن تک رہیں گے

کبھی آئینہ ٹوٹے گا کبھی خواب
ہراساں اور کچھ دن تک رہیں گے

زمیں پر ہم ستارے آسماں پر
نمایاں اور کچھ دن تک رہیں گے

نہ سینے میں یہ دل جلتا رہے گا
نہ ہم یاں اور کچھ دن تک رہیں گے

بہم ہوں گے نہ ابر و باد اجملؔ
بیاباں اور کچھ دن تک رہیں گے

---------
اجمل سراج