کلیات نسیمؔ از اصغر علی خاں نسیم

کلیات نسیمؔ از اصغر علی خاں نسیم

نسیم کی ولادت 1799ء میں دہلی میں ہوئی۔ باپ آقا علی خاں قدیم امرا میں سے تھے اور نواب کا خطاب رکھتے تھے۔ اگرچہ امرا کی مالی حالت مغل حکومت کے زوال کی وجہ سے پتلی ہو چکی تھی۔ مگر پھر بھی اپنی ساکھ قائم رکھنے کے لیے ہر امیر پرانی وضع داری کو نباہ رہا تھا۔ نسیم نے بھی قدیم شرفاء کی طرح ابتدائی تعلیم گھر ہی پر حاصل کی۔ فارسی کی درسی کتابوں کے علاوہ خوش خطی بھی سیکھی۔ مومنؔ غالب، اور ذوقؔ بزمِ سخن کو گرما رہے تھے۔ اصغر علی خاں نے بھی حصہ لینا شروع کر دیا۔ شاعری کا شوق کس سن میں ہوا اس کا تعین دشوار ہے۔ البتہ بیس سال کی عمر میں شوقِ شعر و سخن ہونا قرینِ قیاس ہے۔ مومن کی شاعری نو مشقی سے گزر کر پختہ مشقی تک پہنچ چکی تھی۔ نسیمؔ پہلے اصغر تخلص کرتے تھے، پھر نسیم تخلص اختیار کیا۔