بِرہا - میراجی
بِرہا
۔
سیمانی اور عنابی چیتے ہیں اندھیری راتوں کے
جیسے منتر ہوں جنگل کے جادوگر کی باتوں کے
یا ساون میں کالی گھٹاؤں کی تیکھی برساتوں کے
دل پر چھانے والے نغمے، بے ہوشی لانے والے!
ایسی راتیں ۔ چندا گھونگھٹ کاڑھے سوئے ہیں
اور گنتی کے چند ستارے نیند میں کھوئے کھوئے ہیں
پیڑ اور پتے، ٹہنی ٹہنی تاریکی میں دھوئے ہیں
دل کو ڈرانے والے سائے، دل کو دہلانے والے!
سائے، کالے کالے سائے رینگ رینگ کر چلتے ہیں
اور ان کالے سایوں سے بھوتوں کے جھنڈ اُبلتے ہیں
دل میں اندھے، بے بس، بے پایاں جذبات مچلتے ہیں
گیت بنانے والے، نغمے چاہت کے گانے والے!
۔۔۔۔۔
میرا جی
Tags:
میراجی