آرکی ٹائپ کی تعریف اور مثالیں
نخست فارسی کا لفظ ہے اور اس کے معنی ہیں اولین- نخست مثال سے مراد یہ ہے کہ کسی ماورائی یا الوہی سطح پر ہر دنیوی شے کے بنیادی سانچے موجود ہیں۔ دنیا کی سب چیزیں انہیں سانچوں کی نقلیں ہیں (مسلم علمی روایت میں "اعیانِ ثابتہ" کا تصور نخست مثال سے قریب تر ہے لیکن دونوں اصطلاحات کو ہم معنی نہ سمجھنا چاہیے۔)
انسانی زندگی کے بنیادی پہلو نخست مثالی شان رکھتے ہیں۔ مثلاََ پیدائش، بلوغت، عروسی، گھریلو اور معاشرتی زندگی، نزع، موت، والدین، والدین اور اولاد کے مابین کشمکش، برادرانہ رقابت۔ بعض کردار بھی آرکی ٹائپ پیرایہ اختیار کر لیتے ہیں، جیسے حاتم کو نسبت فیاضی سے، مجنوں کو عشق سے، ہلاکو کو سنگ دلی سے یا شیخ چلی کو حمق سے۔
بنیادی طور پر یہ اصطلاح نفسیات، علم البشریات ANTHROPOLOGY سے ادب میں آئی ہے۔ یونگ نے اسے اجتماعی لا شعور کے معنوں میں استعمال کیا ہے۔
آرکی ٹائپ وہ قدیم الاصل وضعیں ہیں جوابتدائی تمثالوں کی شکل میں نسل انسانی میں آگے سے آگے منقتل ہوتی چلی آ رہی ہیں۔ تاریخی طور پر پرانے قصے، کہانیوں میں موجود وہ اولین نقوش اور تمثالیں جو ورثے کے طور پر فرد کے لاشعور میں محفوظ ہوتے ہیں۔ آرکی ٹآئپ کہلاتے ہیں۔
یونگ کے خیال میں عقلی شعور کی سر بفلک عمارت کی نچلی منزلوں میں پوری نسلِ انسانی کا ماضی تمثالوں کی شکل میں موجود ہے۔ وہی اجتماعی لاشعور آرکی ٹائپ ہے۔
Tags:
آرکی ٹائپ کیا ہے؟