عید پر خوبصورت اشعار

عید پر اشعار
1-
تمہارے چاند سے رخسار کی گر دید ہو جاتی
قسم ہے اپنی آنکھوں کی ۔ ہماری عید ہو جاتی

2-
نہ ملتے تم گلے لیکن مبارکباد ہی دیتے
رقیبوں کے خیالِ خام کی تردید ہو جاتی

3-
لگا لیتے گلے سے تم اگر مجھ سوختہ جاں کو
تو گویا اِک دلِ بیمار کی تبرید ہو جاتی

4-
وہ عاشق سے کیا دل ملا کر ملے
حیا سے بند جو چرا کر ملے
خوشی سال بھر کی مٹا کر ملے
کہ وہ عید بھی کسمسا کر ملے

--------
بیخود دہلوی

5-
اپنی تو وہی عید ہے جس روز کہ ہمدم
مکھڑا نظر آ جائے لبِ بام کسی کا

6-
کیوں گلے ملتی نہیں ۔ وہ تیغ ناز
عید کیا اب کے بھی خالی جائے گی

------
صفدر مرزا پوری

7-
وہی دن ہے، ہماری عید کا دن
جو تری یاد میں گزرتا ہے

-----
مولانا محمد علی جوہر

8-
تجھ کو میری نہ تجھے میری خبر جائے گی
عید اب کے بھی دبے پاؤں گزر جائے گی

----
ظفر اقبال

9-
عید کا دن ہے سو کمرے میں پڑا ہوں اسلمؔ
اپنے دروازے کو باہر سے مقفل کر کے

------
اسلم کولسری

10-
ہے عید میکدے کو چلو دیکھتا ہے کون
شہد و شکر پہ ٹوٹ پڑے روزہ دار آج

---